اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):غیر منافع بخش تنظیم گروئنگ ویمن نے بانی رومانہ چوہدری کی قیادت میں نیشنل لائبریری اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کا پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جس کا موضوع "امن اور ترقی کے لیے اتحاد” تھا۔ گروئنگ ویمن کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں ممتاز رہنمائوں، پالیسی سازوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی تاکہ سیلاب متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کی جا سکے اور قومی تعمیر و ترقی میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ گروئنگ ویمن کی بانی رومانہ چوہدری نے 2020ء میں گجرات میں پہلا ویمن گالا منعقد کر کے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کئی تربیتی پروگرامز منعقد کر چکی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گروئنگ ویمن جلد اسلام آباد، لاہور اور گجرات میں پیداواری انکیوبیشن سینٹرز قائم کرے گی جن کا مقصد خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور انہیں خود مختار بننے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے آئندہ منصوبوں میں یوتھ سمٹ اور قانونی معاونت کی فراہمی کا بھی عندیہ بھی دیا۔تقریب میں شریک معزز شخصیات میں سابق سفیر نیپال و پولینڈ فوزیہ نسرین،پی ایم ایل (این )رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر آہستہ خان، ڈاکٹر افشاں ملک مشیر صدر ایف پی سی سی آئی اور رومانہ کاکڑ نمائندہ بی آئی ایس پی، فلک انجم ایگزیکٹو ممبر آر سی سی آئی اور وحید راجہ وائس چیئرمین نیشنل پیس کونسل پاکستان بھی شامل تھے۔اس موقع پر مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گروئنگ ویمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم انسانی خدمت اور خواتین کی بااختیاری کو یکجا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک پرامن، شمولیتی اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ تقریب کے دوران گروئنگ ویمن نے اپنے مشن کو جاری رکھتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کو متحرک کرنے اور کاروبار، تعلیم اور ایڈووکیسی کے ذریعہ امن کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔