توانائی کی کمی دور کرنے کیلئے ہائیڈل کےساتھ بائیو، شمسی، ہوا،کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرنا ہوگی،ترجمان پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

137
توانائی کی کمی دور کرنے کیلئے ہائیڈل کےساتھ بائیو، شمسی، ہوا،کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرنا ہوگی،ترجمان پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

فیصل آباد ۔ 04 جنوری (اے پی پی):سستی بجلی پیدا، توانائی کی کمی دور اورآئے روز فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے نجات کیلئے ہائیڈل کے ساتھ بائیو، شمسی، ہوا،زرعی اور شہری کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرنا ہوگی جبکہ بجلی کے گردشی قرضوں سے نجات کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ جونہی بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں اس کے ساتھ ہی ضروریات زندگی کی تمام اشیا کے نرخ بھی بڑھ جاتے ہیں جس سے صنعتی و کاروباری شعبہ سمیت عام آدمی بری طرح متاثر ہورہا ہے نیز اس کا سب سے زیادہ اثر سرکاری ملازم،سفید پوش اور ڈیلی ویجرو محنت کش اور غریب طبقہ پر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ اداروں میں پسند نا پسندکے تحت تقرریوں کی بجائے اگر اسی شعبہ کے نیک نام،ماہر، بہترین شہرت اور تجربہ کے حامل افراد کوتعینات کیا جائے تو اداروں کی کارکردگی میں زبردست اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر توانائی پالیسی میں مقامی ذرائع کو ترجیح دیتے ہوئے خام مال پر انحصار اور بجلی کے ترسیلی و تقسیمی نقصانات پر قابو پالیا جائے توآئے روزفیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور دیگر مدات میں بجلی مہنگی کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے ملکی صنعت و تجارت کیلئے سستی بجلی کی فراہمی کو ناگزیر اور توانائی کی بچت کیلئے گرین بلڈنگز کی تعمیر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں لہٰذاہمیں اس جانب بھی سنجیدگی سے توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔