اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ ملک میں معدنی وسائل کی طلب زیادہ ہے، تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار کے وسیع مواقع موجود ہیں، توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پیداوار میں اضافے کی ضرورت ہے، توانائی سستی، قابل رسائی اور پائیدار ہونی چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پہلی قومی سطح کی ’فیولنگ فیوچرز کیرئیر ایکسپو 2024‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دو روزہ کیریئر ایکسپو کا انعقاد وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے تعاون سے کیا ہے۔ تقریب میں طلباء، فیکلٹی اور کمپنی کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔
پی پی ایل کے ایم ڈی اور سی ای او عمران عباسی نے ملک بھر سے بڑی تعداد میں آئے طلباء کو خوش آمدید کہا اور دو روزہ کیرئیر ایکسپو کو کامیاب بنانے پر شرکت کرنے والی کمپنیوں اور یونیورسٹیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم طلباء کو توانائی اور معدنیات کی صنعت کے سرکردہ لیڈرز کے ساتھ بات چیت کرنے اور تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں کیریئر کے انتخاب اور حصول کے لیے ان کے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر توانائی نے اس بات پر زور دیا کہ تقریب کا منصوبہ طلباء کے لیے توانائی اور معدنیات کے ساتھ کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جو متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی سستی، قابل رسائی اور پائیدار ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کی کمی کا شکار اور تیل درآمد کرنے والا ملک ہے، اس لیے توانائی کی کمی کو سرپلس میں تبدیل کرنے کا موقع موجود ہے، اس کے علاوہ ملک میں معدنی وسائل کی بہت زیادہ طلب ہے اور مستقبل میں ان کےدریافت کرنے اور نکالنے کے کئی مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے فیصلے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کریں جن میں توانائی اور معدنیات سب سے اہم شعبے ہیں۔کیرئیر ایکسپو میں پاکستان بھر سے تقریباً 5000 طلباء کے ساتھ ساتھ تقریبا30 یونیورسٹیوں اور سکولوں کے فیکلٹی ممبران اور عملے نے شرکت کی اور ایکسپو میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر 14 تیل، گیس اور معدنیات کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز، سینئر مینجمنٹ اور عملہ بھی طلبہ کی رہنمائی کے لیے موجود تھا۔ دو روزہ کیرئیر ایکسپو کا عنوان ‘فیولنگ دی فیوچر’ ہے، ایکسپو میں کمپنی پریزنٹیشنز، تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے کی اہمیت اور مواقع پر سیشنز کے علاوہ مختلف کیریئر کونسلنگ ڈائیلاگ اور کمپنی اور یونیورسٹی کے سٹالزبھی لگائے گئے ہیں۔