توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، جولائی سے نومبرکے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں گردشی قرضہ میں 12 ارب روپے کی کمی ہوئی، وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری

215
Owais Leghari
Owais Leghari

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرتوانائی (پاور ڈویژن ) سردار اویس احمدخان لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے،گزشتہ سال کے مقابلے میں جولائی سے نومبرکے دوران گردشی قرضہ کم ہوا ہے۔ بدھ کوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جولائی سے نومبر گردشی قرض میں 12 ارب روپے کی کمی کی،اس سال پانچ ماہ میں ڈسکوز کا نقصان 170 ارب سےنہیں بڑھنے دیا گیا ہے،اگر دو اور کمپنیوں کے بورڈ تبدیل ہوتے تو یہ نقصان 140 ارب ہوتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے نقصانات میں بھی کمی آئی ہے،ڈسکوزکوسیاسی مداخلت سے پاک کرتے ہوئے گڈگورننس کوبہتربنایا گیاہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ تمام صنعتی اور اقتصادی زونزسے متعلق طریقہ کار تبدیل کردیاہے،معاشی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے کاروباری برادری کو سہولتیں دینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سب انڈسٹریل اسٹیٹس کو ون ونڈو کے تحت بلنگ ملے گی۔ اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پٹرول اور ڈیزل کے استعمال سے نقصان کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلزکو فروغ دینے کیلئے اقدامات جاری ہیں،چارجنگ اسٹیشنوں کیلئے ٹیرف میں 45فیصد کمی کافیصلہ کیاگیاہے،چارجنگ اسٹیشنز کو سستی بجلی سے الیکٹرک گاڑیوں کارحجان تیزہوگا اور چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کیلئے طریقہ کاربھی آسان بنارہے ہیں۔ گلی محلوں میں موٹرسائیکل اور رکشے چارج کرنے کیلئے الیکٹرک اسٹیشن موجود نہیں ہیں،چارجنگ اسٹیشن کا ٹیرف 39 روپے 70 پیسے کر دیا گیا ہے، بجلی کی قیمت کم کرنے سے گلی محلوں میں چارجنگ اسٹیشنز کھل سکیں گے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کیلئے این اوسی 15دن میں جاری ہوگا،متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے رہے ہیں ۔ اویس لغاری ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کار ی میں اہم کرداراداکیاہے،ای وی ٹیرف اور اس حوالے سے قواعدوضوابط کااعلان کردیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امید ہے گرینز کلائمٹ فنانس کا وعدہ کرنے والی دنیا وعدہ پورا کرے گی ،ای بائیکس پر فنانسنگ کی جائے تاکہ ماحول دوست موٹرسائیکل چلیں ،پوری دنیا کو گرین فنانسنگ کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا سفر جاری ہے،آئندہ چندماہ میں پاکستان خطے میں کم قیمت پربجلی مہیا کرنے والا ملک بن جائے گا۔ اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اضافی بجلی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہےجیسے جیسے بجلی کی قیمتیں کم ہونگی اس صورتحال سے نمٹا جا سکے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کیپٹیو پلانٹس معاملے پر آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے،ہم چاہتےہیں کہ انڈسٹری پر کوئی بوجھ نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے کرنے سے مجموعی طور پر 14 سو ارب کا فرق پڑے گا، ہم آخر تک صارفین کے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے۔اویس لغاری نے کہا کہ این ٹی ڈی سی میں جتنی خامیاں ہیں وہ ختم کی جا رہی ہیں، بجلی چوری کے خلاف مہم تاحال جاری ہے، ہماری بجلی چوری کی ریکوریز بہتر اور چوری کم ہوئی ہے۔