توانائی کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، سبسڈی صرف غریب اور حقدار لوگوں کو میسر ہونی چاہیے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات

190

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ توانائی کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، ایسا نظام وضع کیا جائے جس سے سبسڈی صرف اور صرف غریب اور حقدار لوگوں کو میسر ہو۔ یہ ہدایت انہوں نے پیر کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر، وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے پٹرولیم ندیم بابر، معاون خصوصی برائے بجلی تابش گوہر کے علاوہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو توانائی کے شعبے سے وابستہ انتظامی امور، بجلی کی پیداواری قیمت اور ترسیلاتی نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لئے تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ توانائی کے شعبے سے وابستہ تمام متعلقہ فریقین اپنی اپنی ذمہ داریاں معینہ مدت کے اندر پوری کریں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ایسا نظام وضع کیا جائے جس کی بدولت سبسڈی صرف اور صرف غریب اور حقدار لوگوں کو میسر ہو۔