تورغر۔ 20 مارچ (اے پی پی):تورغرکے علاقہ مجاہدین مداخیل میں مقامی شخص کے بکریوں کے باڑے میں آگ لگنے سے چالیس بکریاں زندہ جل گئیں جس سے غریب شخص کالاکھوں کا نقصان ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق گاؤں مجاہدین مداخیل میں مقامی شخص امروز خان ولد جمروز خان کے بکریوں کے باڑے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کی تقریباً 40 بکریاں زندہ جل کر راکھ ہوگئیں۔یہ واقعہ افطاری سے کچھ دیر قبل پیش آیا،امروز خان نے اپنے باڑے کے باہر دھواں کرنے کے لیے آگ جلائی
تاہم تیز ہواؤں کے باعث آگ بے قابو ہوکر بکریوں کے باڑے میں پھیل گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے باڑے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت کافی جدوجہدکے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم اس دوران باڑے میں موجود درجنوں بکریاں جل کر ہلاک ہوگئیں۔ مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ شخص کی مالی مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے ذریعہ معاش کابندوبست کرسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574817