تونسہ شریف ، سی ٹی ڈی کی کارروائی،5دہشتگرد ہلاک، 5زخمی حالت میں فرار،بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

65
CTD operation
CTD operation

لاہور۔5جولائی (اے پی پی):تونسہ شریف کے قریب سی ٹی ڈی نے اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشن تونسہ شریف کے قریب ایک سرحدی گائوں کے نزدیک کیا گیا جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی،اس دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس جھڑپ میں پانچ خطرناک دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے پانچ ساتھی زخمی حالت میں قریبی جنگل میں فرار ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ، تین عدد تیار شدہ دیسی ساختہ بم ، دستی بم، رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا،دہشتگرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ رومانی اور دیگر قریبی مقامات پر ناکہ بندیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کوئی دہشتگرد فرار نہ ہو سکے۔ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے پانچ میں سے چار کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ ایک لاش ان کے ساتھی لے گئے جن کی شناخت جاری ہے، دہشتگردوں کا تعلق کسی خطرناک تنظیم سے بھی ہو سکتا ہے ،اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔دریں اثناء وزیراعلی مریم نواز نے تونسہ کے قریب دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر تحسین کی مستحق ہیں ۔ پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا تعاقب جاری رہے گا،دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔