بنکاک۔1دسمبر (اے پی پی):تھائی لینڈ میں ہونے والی گاڑیوں کی نمائش میں برقی گاڑیاں متعارف کروائی گئی ہیں۔
جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ میں ہونے والی 12 روزہ ایکسپو میں جاپان، چین اور دوسرے ممالک سے 40 گاڑی ساز ادارے اپنے اپنے نمونوں کی نمائش کر رہے ہیں۔بڑے چینی گاڑی ساز ادارے چانگان آٹوموبائل نے اپنی نئی برقی ایس یُو وی، اور سیڈان کی نقاب کشائی کی۔ کمپنی نے تھائی لینڈ میں برقی گاڑیوں کی پیداوار 2025 میں شروع کرنے اور برقی گاڑیوں کے مزید نمونے پیش کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
چین کے کلیدی برقی گاڑی ساز ادارے بی وائی ڈی اور گوانگژؤ آٹوموبائل گروپ کی برقی گاڑی برانڈ، اے آئی او این بھی مقامی پیداوار کے منصوبے رکھتے ہیں۔تھائی لینڈ حکومت گاہکوں کو ملک میں تیار کردہ برقی گاڑیاں خریدنے پر اعانت فراہم کرتی ہے۔رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں تھائی لینڈ میں تقریباً 58 ہزار نئی برقی گاڑیوں کا اندراج کروایا گیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں آٹھ گُنا سے زائد کا اضافہ ہے۔
تھائی لینڈ کی گاڑیوں کی پوری منڈی میں اس وقت جاپانی گاڑی ساز اداروں کا حصہ 80 فیصد ہے۔ہونڈا، تھائی لینڈ میں برقی گاڑیاں تیار کرنے کے منصوبوں کا پہلے ہی اعلان کرچکی ہے اور پیداوار دسمبر میں شروع ہونے والی ہے۔