گوجرانوالہ۔ 25 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایک اورجھوٹا اوربے بنیاد مقدمہ اپنے انجام کوپہنچا اورعدالت نے باعزت بری کیا، ن لیگی قائدین عام آدمی کی طرح عدالتوں میں پیش ہو تے ہیں ،بجلی مہنگی ہونے کامعاہدہ اسحاق ڈار نے نہیں کیاجواس کاذمہ دار ہے جاکر اس کا گریبان پکڑنا چاہیے ،نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کومعاف نہیں کیاجاسکتا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نےمنگل کو گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت برائے انسداد دہشت گردی میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نومئی کو اس ملک کے دفاعی ادارے پر حملہ کیاگیا جنہوں نے ہمارے شہدا کی بے حرمتی کی ان کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے
ہمارا کردار سب کے سامنے ہےاور ان کا بھی جنہوں نے معاشرے کو تقسیم کرنے کی سیاست کی، ایک شخص جو ملکی سیاست کا فتنہ ہے اس کے برسر اقتدار آنے پر ملک بحرانوں کا شکار ہوامگر وزیراعظم شہبازشریف نے دن رات ایک کرکے ملک کوبحرانو ں سے نکالا۔وفاقی وزیرداخلہ کاکہناتھا کہ سائفر اس وقت کے سیکرٹری ٹو پی ایم کی ذمہ داری ہے تاہم وہ سائفرعمران خان کے پاس ہے اوروہ اس کاذمہ دارہے ۔ان کاکہناتھاکہ اسحق ڈار اچھے سیاستدان،باوقار آدمی ہیں بجلی مہنگی ہونے کے ذمہ داراسحق ڈارنہیں جوہیں ان کاگریبان پکڑناچاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ ن لیگی قیادت نے عدالتوں کاگھیرا ؤکیانہ کارکن اکٹھے کرکے چڑھائی کی نہ ہی بالٹیاں رکھ کرعدالتوں میں پیش ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ 2018میں ملک ترقی کررہا تھا اگر وقت ملتا تو یہ ملک ترقی یافتہ ہوسکتا تھا’اس وقت دو سویونٹ تک بجلی کوفری کرناچاہتے تھے ۔ان کاکہناتھا کہ لوگ نوازشریف پراعتماد کریں ہم 2018 کی قیمتیں واپس لائینگے ۔ رانا ثنا اللہ کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا گجرات میں اگست 2022کو چیف سیکرٹری اور سرکاری ملازمین کو دھمکانے کا مقدمہ درج تھا کیس کے مدعی شہکاز اسلم اپنے بیان سے منحرف ہو گیا جس بنا پر عدالت نے رانا ثنا اللہ کو باعزت بری کرنے کا حکم دے دیا۔