راولپنڈی۔29مارچ (اے پی پی):تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق صدر بیرونی پولیس کو 15 پر اطلاع ملی تھی کہ تین نامعلوم مسلح ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے ہیں۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت عابد کے نام سے ہوئی ہے ۔ ہلاک ملزم کے ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لئے علاقہ میں سرچنگ جاری ہے۔ ڈکیتی کو ناکام بنانے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے صدر بیرونی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577163