راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):تھانہ مورگاہ کی حدود میں چار موٹرسائیکل سوار ملزمان نے دوران ناکہ بندی پولیس پر فائرنگ کردی،جوابی کارروائی سے 2ملزمان ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،
فائرنگ کے دوران 2 ملزمان ہلاک ہو گئے،ہلاک ملزمان میں سے ایک کی شناخت احمد خان کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے کی شناخت کی جا رہی ہے، ہلاک ملزمان کے 2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ہلاک ملزم احمد خان سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث و ریکارڈ یافتہ ہے، ملزمان نے کچھ عرصہ قبل مورگاہ کے علاقہ میں پولیس ریڈنگ پارٹی فائرنگ کر کے شعیب اے ایس آئی کو زخمی بھی کیا تھا۔
واقعہ کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ مورگاہ میں درج کیا گیا تھا، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچنگ کی گئی، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے،فرار ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔