پشاور۔ 23 مئی (اے پی پی):ڈی ایس پی ورسک سرکل ارباب نعیم حیدر کی نگرانی میں تھانہ مچنی گیٹ نے کامیاب کارروائی کے دوران موٹرسائیکل چھیننے میں ملوث گروہ کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتارکر لیا، ملزمان آئس کی لت میں بھی مبتلا ہیں جوکہ نشہ پورا کرنے کی خاطر سنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مدعی خالد نے تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو نامعلوم ملزمان کے خلاف سنیچنگ کی رپورٹ کی جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
ایس پی ورسک ڈویژن نے سنیچنگ کی وارداتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ورسک سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ اور دیگر تفتیشی افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، خصوصی ٹیم نے متعدد جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے سمیت متعدد مشکوک ملزمان کے بیانات قلمبند کیے اور ملوث راہزن اور سنیچرز گروہ کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا،
جن کی شناخت عمر سکنہ چولی اور سہیل سکنہ تہکال سے ہوئی ہے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا، ملزمان کے قبضے سے چار عدد موٹرسائیکل سمیت ہزاروں روپے مالیت کی آئس بھی برآمد کرلی گئی ہے۔