سرگودھا۔ 27 مئی (اے پی پی):تھانہ میلہ کی حدود میں پولیس مقابلہ کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے ۔ پولیس تھانہ میلہ کے مطابق میلہ پولیس نے پل نہر بچہ کلاں پر دوران ناکہ بندی 2 موٹر سائیکل سواروں نے 4 افراد کو روکنے کی کوشش کی جو پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس کے تعاقب پر ملزمان لنک روڈ میلہ نزد فصل باغ میں گھس کر پولیس پر فائرنگ کرتے رہے، پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت ہوائی فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر دوران سرچ آپریشن 2 ملزمان زخمی حالت میں ملے جن کی شناخت ممتاز اور شہزاد احمد کے نام سے ہوئی، جن کا ریکارڈ چیک کرنے پر ملزمان اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی، چوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 30 سے زائد مقدمات میں ملوث پائے گئے، زخمی ملزمان علاقہ میں خوف کی علامت بنے ہوئے تھے،
مزید چیک کرنے پر ملزمان نے کچھ روز قبل دوران ناکہ بندی فیصل بلال نامی پولیس جوان کو فائر کر کے زخمی کیا تھا، ملزمان کے قبضہ سے موٹر سائیکل اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔