سرگودھا۔ 24 اپریل (اے پی پی):تھانہ کوٹ مومن کی حدود میں پولیس مقابلہ کے بعد رہزنی کے مقدمات میں مطلوب ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹمومن پولیس ملزم کاظم علی کو ریکوری مال مقدمہ کے لیے جا رہے تھے کہ کوٹ راجہ کے قریب2 نامعلوم ملزمان فائرنگ کر کے زیر حراست ملزم کو چھڑوانے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے تعاقب پر ملزمان سالم روڈ جھاڑیوں میں گھس کر پولیس پر فائرنگ کرتے رہے ۔
پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر دوران سرچ آپریشن ملزم کاظم علی زخمی حالت میں ملا جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا۔ زخمی ملزم مٹرولا گینگ کا سرغنہ اور رہزنی کے مقدمہ میں ملوث تھا ۔زخمی ملزم کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔