اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس تھانہ کھنہ کی ٹیم نے غوری ٹاؤن وی آئی پی ایریا میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر فروخت کی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی درآمدی شراب کی 50 بوتلیں قبضے میں لے لیں۔
ہفتہ کو پولیس ترجمان کے مطابق چھاپہ سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) عامر حیات کی نگرانی میں علاقے میں شراب کی سمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے حوالے سے خفیہ اطلاع کے بعد مارا گیا۔
ایس ایچ او نے کہا کہ ملزمان کا سراغ لگانے اور شراب برآمد کرنے کے لیے تکنیکی وسائل اور انسانی ذہانت کا استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزم کی شناخت ڈاکٹر کرتار لال پروانی کے نام سے ہوئی جو کشمور سندھ کا رہائشی ہے جسے موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او عامر نے کہا کہ علاقے میں شراب کے کاروبار اور اس کی غیر قانونی فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔