اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(سی ڈی ڈبلیو پی) نے 126.2 ارب روپے کی مالیت کے چار منصوبوں میں سے دو منصوبے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کو منظوری کے لئے بھیجنے کی سفارش کر دی ہے۔ ان منصوبوں کی منظوری جمرات کو سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، ڈاکٹر جہانزیب خان نے دی۔
اجلاس میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ، چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید، ممبران پلاننگ کمیشن اور مختلف وزارتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزارت منصوبی بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فورم نے 55.97 ارب روپے کی مالیت کا تھر کول ریل کنیکٹیویٹی کا منصوبہ ایکنک کو منظوری کے لیے بھیجنے کی سفارش کی ہے۔ وزارت ریلوے اس منصوبے کی سرپرستی کرنے والی ایجنسی ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد تھر کول مائنز اور پورٹ قاسم کو نئے ریل لنکس کے ذریعے ریلوے سے جوڑنا ہے اور بڑھتی ہوئی معیشت کی ضرورت کے مطابق بڑی تعداد میں نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے 60.208 ارب روپے کی مالیت کا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا منصوبہ بھی ایکنک کو منظوری کے لیے بھیجنے کی بھی سفارش کی ہے۔ سول ایویشن اتھارٹی اس منصوبہ کہ سرپرستی کرنے والی ایجنسی ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد گوادر کی سٹریٹجک نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں ایک عالمی سطح کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا قیام ضروری ہے۔ بالخصوص پاکستان چین اکنامک کوریڈور کی تناظر میں جس کا دوسرا فیز شروع ہو چکا ہے۔ اسی طرح سی ڈی ڈبلیو پی نے 6.121 ارب روپے کی لاگت سے خانوزئی کراس سے لورالائی قلعہ سیف اللہ تک سپیرا راگھہ روڈ کی بہتری کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
حکومت بلوچستان اس منصوبے کی سرپرستی کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت 92.5 کلو میٹر طویل موجودہ سنگل لین سڑک کو دو لین کی سہولت سے بہتر اور کشادہ کیا جائے گا۔ مزید براں فورم نے 3.95 ارب روپے مالیت کے 600 مسافر کوچز اور 1200 بوگی ویگنوں کی مرمت کے منصوبے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد بنیادی طور پر درکار درآمدی/مقامی طور پر تیار کردہ اسپیئرز کی خریداری اور خصوصی مرمت شامل ہے۔