لاہور۔20مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں تھیلیسیما ، ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں اورصحافی برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔گورنر پنجاب نے باری باری بچوں کے ساتھ مصافحہ اور ان کی خیریت دریافت کی۔ بچے گورنر پنجاب کو اپنے درمیان پاکر بہت خوش ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج کی تقریب کے میرے مہمان تھیلیسمیا ، ہیموفیلیا کے وہ بچے ہیں جو میرے لئے وزیروں اور مشیروں سے بھی بڑھ کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھیلیسیما کے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر افطاری کرنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے اور میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اللہ تعالی نے موذی مرض میں مبتلا بچوں کی خدمات کا موقع دیا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سند س فائونڈیشن جیسے فلاحی ادارے جو انسانیت کی خدمت کررہے ہیں ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔انہوںنے کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کو رمضان کے مہینے میں خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور میں نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک گورنر ہائوس میں موجود ہوں عوام کیلئے گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کی آزادی،خودمختاری اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا جمہوریت کے تسلسل اور استحکام کیلئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی ہے۔ تقریب میں پیٹرن سندس فاونڈیشن سہیل وڑائچ ،صدر یاسین خان، ڈائریکٹر سندس فاونڈیشن خالد عباس ڈارسمیت صحافت سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574881