سرگودھا ۔ 14 فروری (اے پی پی):کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کا خیال رکھنا ہم سب پر فرض ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمر ہسپتال میں قائم تھیلیسیمیا ہو موفیلیا سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے تھیلیسیمیا کے بچوں کو انتقال خون کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور لیبارٹری سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔کمشنرنے انتقال خون کے لیے جھنگ سمیت دیگر قریبی اضلاع سے آئے بچوں میں رحمت للعالمین فائونڈیشن اور ہلال احمر ہسپتال انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے لاکھوں روپے کی جان بچانے والی ادویات مفت تقسیم کیں۔
انہوں نے بچوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرجہانزیب اعوان نے خون کے عطیات اور ادویات فراہم کرنے میں معاونت کرنے والے تاجروں، مخیر حضرات ، طلبہ طالبات اور سوسائٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عطیات معصوم پھولوں جیسے بچوں کی زندگی کی سانسیں بحال رکھنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
کمشنر نے رفاحی کام میں ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور دعا کی کہ اللہ تعالی ان بچوں کو تندرستی اور زندگی میں آسانی پیدا کرے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہلال احمر ہسپتال کے تھیلیسیمیا سنٹر پر ہر ماہ 450 بچوں کو مفت انتقال خون کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ 39 بچوں کو لاکھوں روپے مالیت کے خون میں آئرن کو کنٹرول کرنے والے پمپس اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے یاسر بھٹی، امجد محمود بھٹی، محمد نوید انور، ناصر سہگل اور شیخ ندیم خاور سمیت دیگر مخیر حضرات اور بچوں کے والدین نے ، تھیلیسیمیا کے بچوں کو انتقالِ خون کے لیے مدد فراہم کرنا صدقہ جاریہ ہےاوراس میں اُنکو سہولیات فراہم کرنا عبادت ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=560797