تیئسویں ایشن ریجنل فورم کے موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ میں ملاقات،دو طرفہ تجارت میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار،دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا کردار اور قیام امن کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں،چینی وزیر خارجہ

124

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) پاکستان اور چین نے افغانستان حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفاہمت افغانستان کے استحکام کیلئے اہم عنصر ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا کردار اور خطے میں قیام امن کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور چینی وزیر خارجہ درمیان لاﺅس کے دارالحکومت وینیتیان میں 23ویں ایشن ریجنل فورم کے دوران سائیڈ لائن ملاقات میں کیا گیا۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کے ضمن میں دونوں وزراءنے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا جو گزشتہ سال 18 ارب ڈالر تھی، اس سے ظاہر ہے کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان سے چین کو برآمدات کے حوالے سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) کا دوسرا مرحلہ جلد مکمل ہوگا، جس سے دوطرفہ تجارت کا توازن بہتر ہوگا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت تمام پراجیکٹ کو موثر انداز میں جلد از جلد مکمل کرے گا۔