پشاور۔ 25 جنوری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی وادی تیراہ میں برف باری سے متاثرہ آئی ڈی پیز کے لئے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا طیب عبداللہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک کی نگرانی میں اتوار کو تیسرے دن بھی وادی تیراہ میں ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ اتوار کو ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 حکام نے بتایا …
تیراہ وادی کے برفباری سے متاثرہ آئی ڈی پیز کے لئے ریسکیو آپریشن تیسرے دن بھی جاری، امدادی کارروائیں تیز کر دی گئیں
پشاور۔ 25 جنوری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی وادی تیراہ میں برف باری سے متاثرہ آئی ڈی پیز کے لئے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا طیب عبداللہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک کی نگرانی میں اتوار کو تیسرے دن بھی وادی تیراہ میں ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ اتوار کو ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 حکام نے بتایا کہ وادی تیراہ کے جانے والے تمام راستے کلیئر کر دیئے گئے ہیں اور پیر سے متاثرہ افراد کو امدادی سامان فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے فراہم کی گئی مشینری اور گاڑیوں کے ذریعے امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا جن میں خواتین اور بچوں کو ترجیح دی جائے گی۔امدادی سامان کی ترسیل کے دوران راستے میں بھی خاندانوں اور بچوں کو سردی سے بچائو کے لئے امدادی سامان بشمول سویٹرز، جیکٹس، جوتے اور گرم ٹوپیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور پھل بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔محکمہ صحت کی ٹیمیں مختلف مقامات پر طبی معائنے اور ضروری ادویات بھی فراہم کر رہی ہیں۔
اس دوران بعض علاقوں میں راستوں کو بھی کلیئر کیا جا رہا ہے اور تمام راستے کلیئر ہونے تک یہ عمل جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے تیراہ وادی کے مکینوں کو موجودہ موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ریسکیو 1122 خیبر کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو وادی تیراہ میں مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے جہاں متاثرہ خاندانوں اور گاڑیوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں ضرورت مند مریضوں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 450 سے زائد گاڑیوں اور 2200 سے متاثرین کو ریسکیو کیا ہے جبکہ 200 کے قریب ضرورت مند مریضوں زخمیوں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق پائندہ چینہ سے باغ تک کے راستے کو کلئیر کر دیا گیا ہے۔









