اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر تیز رفتاری اور غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف جرمانوں کے ساتھ مقدمات کے اندراج پر بھی عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق چکری کے قریب 151 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر گاڑی چلانے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تھانہ نصیر آباد راولپنڈی کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ موٹروے پولیس کی جانب سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد سپیڈ پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم کے تحت مقدمات درج کئے جا رہے ہیں ۔مہم کا مقصد تیز رفتاری پر قابو پا کر مہلک حادثات سے بچائو ہے۔ مہم کے دوران متعدد مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ صارفین سے گزارش ہے کہ دوران سفر حد رفتار کا خیال رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں ۔