اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے، پالیسیوں میں اصلاحات اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فائیو جی سروسز کے آغاز کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے۔پیر کو جاری کئے گئے اقتصادی سروے کے مطابق پی ٹی اےنے فائیو جی کی بنیاد رکھنا شروع کر دی ہے۔اس میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ٹیلی کام کے آپریشنز کو ہموار بنانے کے لیے نئے قوانین بنانا شامل ہے۔
فائیو جی کی تیز رفتار اور کم تاخیر کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے ٹیلی کام کمپنیاں اپنے نظام کو بہتر بنا رہی ہیں اور اپنی سروس کو مضبوط بنانے کے لیے فائبر آپٹک نیٹ ورکس کو بڑھا رہی ہیں۔ پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو ای بینڈ سپیکٹرم بھی دیا ہے تاکہ وہ اپنے سسٹمز کو فائیو جی کی تیاری کے لیے جانچ سکیں۔ یہ ٹرائلز پہلے ہی جاری ہیں۔حکومت نے انٹرنیشنل موبائل ٹیلی کمیونیکیشن ( آئی ایم ٹی) سپیکٹرم کے اجراء کی نگرانی کے لیے ایک مشاورتی کمیٹی قائم کی ہے۔
فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی) نے مستقبل کی نیلامیوں کے لیے مخصوص سپیکٹرم بینڈز کی منظوری دے دی ہے۔اس عمل کی رہنمائی کے لیے پی ٹی اے نے ایک بین الاقوامی ماہر کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ وہ مشورہ دیں کہ نیلامی کو کیسے انجام دیا جائے اور ایک مضبوط نفاذ کا منصوبہ بنایا جائے۔
مشاورتی کمیٹی کنسلٹنٹ کے مشورے کا جائزہ لے گی اور ملک کو فائیو جی کے دور میں لے جانے میں مدد کرے گی، جس سے تیز تر انٹرنیٹ لانے، معیشت کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کے لیے نئے دروازے کھولنے کی امید ہے۔