تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ٹالنے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو سلام، محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔بابر نواز خان

تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ٹالنے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو سلام، محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔بابر نواز خان

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان نے ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی قربانیوں کی بدولت آج ہم سب اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں۔ ماضی میں جب بھارت نے بزدلانہ کوشش کی تو ہماری بہادر افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور ثابت کیا کہ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے بابر نواز خان نے عالمی تنازعات کے حل میں پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور کہا کہ تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت اور اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے بعد دنیا کا توازن تبدیل ہو رہا تھا۔ ایسے نازک وقت میں پاکستان نے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر حق کا ساتھ دیا اور خطے کو تیسری عالمی جنگ کی تباہی سے بچایا۔

انہوں نے امریکہ، ایران، سعودی عرب اور دیگر برادر ممالک کو قائل کر کے خطے میں امن قائم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے موٹرویز کا جال بچھایا اور ملک کو پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنایا، جس کی وجہ سے آج دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جبکہ محمد شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب شب و روز محنت کر کے اندھیروں کو دور کیا اور "شہباز سپیڈ” کے تحت ریکارڈ مدت میں چائنیز پاور پلانٹس لگا کر ملک کو دوبارہ روشن کیا۔ وفاقی بجٹ پر بات کرتے ہوئے بابر نواز خان نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں نمایاں اضافہ جیسے عوامی اقدامات شامل ہیں۔

آخر میں انہوں نے وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ ملک میں انڈسٹریلائزیشن (صنعت کاری) پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ جب تک ملک میں کارخانے اور صنعتیں نہیں لگیں گی تب تک بے روزگاری کا مستقل خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

مزید خبریں