اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمرکی ہدایت پر تیسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس کل منگل کوجوہانسبرگ میں شروع ہوگی۔ وزارت تجارت نے حکومت پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ۔18۔2017 میں لک افریقہ پالیسی کا آغاز کیا۔ پالیسی کے تحت، پہلی پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس نیروبی، کینیا میں 30، 31 جنوری 2020 کو منعقد ہوئی ۔اس تقریب کا افتتاح کینیا کے صدر نے کیا اور اس میں کینیا کے وزیر تجارت، کینیا اور مشرقی افریقی کمیونٹی کے دیگر حکام نے شرکت کی۔
جنوبی افریقہ سمیت 26 افریقی ممالک کے مندوبین نے 23نومبر 2021کو دوسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس لاگوس، نائیجیریا میں شرکت کی ۔ اس مرتبہ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کی ہدایت پر 29 نومبر سے یکم دسمبر 2022 تک جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ میں تیسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش کا انعقادجارہا ہے، جو پاکستان کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی تجارتی نمائش ہے۔
سائوتھ افریقہ ڈویلپمنٹ کمیونٹی کے 16 رکن ممالک کے سرکاری افسران اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ساتھ سائوتھ افریقن کسٹم یونین اور سائوتھ افریقین ڈویلپمنٹ کمیونٹی سیکرٹریٹ کے نمائندوں کو کانفرنس اور نمائش میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔
یہ کانفرنس 29 نومبر کو منعقد ہوگی جس کے بعد 30 نومبر سے یکم دسمبر 2022 تک سنگل کنٹری نمائش ہوگی۔ تقریباً 130 پاکستانی کمپنیاں مختلف شعبوں سے اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔اس نمائش کا مقصد رکن ممالک، ریگولیٹری اتھارٹیز کے ساتھ روابط کو فروغ دینے، بینکنگ چینلز قائم کرنے، جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کرنے اور سامان/خدمات میں تجارت کو بڑھانا اولین ترجیح ہے۔
پاکستان سے تقریباً 225 نمائش کنندگان اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک وفد جو 20 بڑے شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے، تیسری پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس میں شرکت کے لئے جوہانسبرگ کا دورہ کر رہا ہے۔ پاکستان کے کاروباری مندوبین کا تعلق درج ذیل شعبوں سے ہے۔