تیل کی صنعت کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے، وزیر مملکت برائے پٹرولیم کا اجلاس سے خطاب

73

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تیل کی صنعت کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں او ایم سیز اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں او ایم سیز نے واضح طور پر کہا کہ ان کے پاس ملک میں بلا تعطل سپلائی کے لئے پٹرولیم مصنوعات کا درکار ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی چین کو برقرار رکھنے کا یقین دلایا ،

وزیر مملکت نے تیل کی صنعت کو یقین دلایا کہ ایل سی اور ٹرن اوور ٹیکس کے معاملات سمیت ان کے تمام خدشات کو وزارت خزانہ کے ساتھ مناسب طریقے سے اٹھایا جائے گا، حکومت تیل کی صنعت کو درپیش مسائل کو حل کرے گی اور تمام متعلقہ حلقوں سے معاملات اٹھائے گی۔بروقت آگاہی اور ملک میں کسی بھی ممکنہ بحران سے بچنے کے لیے ڈاکٹر مصدق ملک نے او ایم سیز کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تیل کی صنعت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ وافر ذخائر کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ۔