تیل کی قلت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،ملکی ضرورت کےمطابق 20 دن کا پٹرول اور 29دن کےڈیزل کاذخیرہ موجود ہے ،وزیرمملکت ڈاکٹرمصدق ملک

تیل کی ذخیرہ اندوزی پر 7 لاکھ جرمانہ 7 پمپوں کو سیل کیا گیا، وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تیل کی قلت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،ملکی ضرورت کے مطابق 20 دن کا پٹرول اور 29دن کے ڈیزل کا ذخیرہ موجود ہے اور ۔پورٹس پر جہازوں میں موجود پٹرول اور ڈیزل اسکے علاوہ ہے۔

انہوں نے بدھ کے روز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عوام کو گیس و تیل کی فراہمی میں تسلسل یقینی بنا رہے ہیں اور جو خبریں قلت کے حوالے سے ہیں اس کی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے ،وافر مقدار میں پٹرول ہونے کے باوجود پٹرول نہ ملنا ذخیرہ اندوزی ہے۔ذخیرہ اندوز، عزت سے روٹی کمانے والے افراد کے حق پر ڈاکہ ماررہے ہیں،پٹرول اور ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے نقصان اٹھائیں گے کیونکہ اگر یہ عوام کو تنگ کریں گے تو خود بھی تنگ ہونگے، اگر یہ باز نہ آئے تو لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں سے درخواست ہے کہ وہ ایسا نہ کریں اور اس درخواست کو تنبیہ جانیں، ریاست بہت مضبوط ہوتی ہے ، ماں جیسی ہوتی ہے تاہم عوام کے حق کیلئے سختی بھی کر سکتی ہے،عوام کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نےکہا کہ اس وقت ملک میں تیل کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے،تیل کی قیمتیں اپنے مقررہ وقت پر عالمی مارکیٹ کے مطابق تبدیل ہوں گی۔

وزیرمملکت پٹرولیم نے کہا کہ بہتر معاشی صورتحال ملکی ترقی کی ضمانت ہوتی ہے اور حکومت ملکی معیشت میں بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے کیونکہ حکومت کا کام عوام کیلئے سہولیات پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کو نوکریاں ملیں گی اور جب نوکریاں ملیں گی تو ملک میں تجارت بڑھے گی ۔اسی طرح ملک ترقی کیا کرتے ہیں ۔