تیل کی قیمتوں کا تعین بین الاقوامی منڈی، پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کے حساب سے کیا جاتا ہے، قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

52

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں کا تعین بین الاقوامی منڈی، پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کے حساب سے کیا جاتا ہے، اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں، اگر وہاں پر قیمتوں میں کمی ہوئی تو عوام کو اس کا فائدہ پہنچایا جائے گا۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے نکتہ اعتراض کے جواب میں ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پچھلے دو ماہ کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،

یوکرین اور روس کے تنازعہ اور دیگر عوامل کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں اور اس وقت 93 ڈالر فی بیرل قیمت ہے، حکومت نے پٹرولیم لیوی میں کمی کی ہے اور سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے، 15 دنوں میں 35 ارب روپے کا بوجھ حکومت خود اٹھا رہی ہے، (ن) لیگ کے دور میں عالمی منڈی میں تیل بہت سستا تھا، جائزہ لیا جائے کہ اس وقت لیوی اور ٹیکس کتنے تھے، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو عوام کو اس کا فائدہ پہنچایا جائے گا۔