اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بدحالی کی دہلیز پر پہنچانے والے معیشت کی بات نہ کریں،بجلی کے ان معاہدوں سے سالانہ 6 ہزار کروڑ کی لوٹ مار کی گئی۔
جمعہ کو شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بدحالی کی دہلیز پر پہنچانے والے معیشت کی بات نہ کریں۔ نااہلوں نے آئی ایم ایف کے پروگرامز لے کر معیشت کو مستحکم کرنے کے بجائے لوٹ مار پر توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ تین دھائیوں تک ملک پر مسلط رہنے والوں نے معیشت مضبوط کیوں نہ کی؟ ۔ ڈاکٹرشہباز گل نے کہا کہ پورے پنجاب کا بجٹ لاہور پر لگانے والے نااہل ہیں۔ نااہلوں نے 30 سال کے مہنگے ترین بجلی کے معاہدے کئے۔ بجلی کے ان معاہدوں سے سالانہ 6 ہزار کروڑ کی لوٹ مار کی گئی۔