لاہور۔2فروری (اے پی پی):تین روزہ شاپنگ فیسٹیول انتہائی شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا، فیسٹیول میں مختلف صنعتوں کی متنوع مصنوعات کی نمائش کی گئی، جن میں ٹیکسٹائل، ہینڈی کرافٹس، کنزیومر گڈز، ٹیکنالوجی اور ہوم ایسینشلز شامل تھے۔ یہ فیسٹیول کاروباری حضرات کے لیے ایک نادر موقع تھا کہ وہ سرمایہ کاروں سے رابطہ کریں، مارکیٹ کے دائرہ کار کو وسیع کریں اور بین الاقوامی تجارتی امکانات کو دریافت کریں۔
سارک کے نائب صدر میاں انجم نثار نے ایل سی سی آئی کی کامیاب میزبانی کو سراہا اور اسے علاقائی تجارت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ فیسٹیول کاروباری اداروں کو بین الاقوامی مارکیٹ سے جوڑنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس طرح کے ایونٹس کے ذریعے علاقائی تجارتی تعاون کو فروغ دینا طویل مدتی اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔سابق صدر ایل سی سی آئی محمد علی میاں نے فیسٹیول کی کامیابی اور کاروباری روابط پر اس کے اثرات کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ یہ ایونٹ مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے اور تجارت کو وسعت دینے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے عوام کے زبردست ردعمل کو سراہتے ہوئے کہاکہ فیسٹیول میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت اس کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
اس نے تاجروں اور کاروباری حضرات کو اپنی مصنوعات وسیع پیمانے پر متعارف کروانے کے بے شمار مواقع فراہم کیے ہیں۔گورنر جنرل غلام حسین مظفری نے لاہور چیمبر آف کامرس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بڑے ایونٹس تجارت کو فروغ دینے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا اور صنعت و سیاحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ایل سی سی آئی کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تجارتی فروغ کے اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ لاہور شاپنگ فیسٹیول جیسے ایونٹس اقتصادی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ حکومت کاروباری حضرات کے لیے سرمایہ کاری اور ترقی کے سازگار مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اختتامی تقریب میں ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر زر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سارک کے نائب صدر میاں انجم نثار، سابق صدر محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر طاہر منظور چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے بھی خطاب کیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل سی سی آئی کے صدر میاں ابو زر شاد نے بھرپور شرکت اور جوش و خروش پر کاروباری برادری اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ لاہور شاپنگ فیسٹیول نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، کاروباری مواقع کو وسعت دینے اور لاہور کو ایک بڑے تجارتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔