
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):تین روزہ پہلی دوشنبے انترنیشنل ٹورازم ایگزیبیشن (ڈی آئی ٹی ای) 2024 تاجکستان کے شہر دوشنبے میں 25 سے 27 ستمبر، 2024 تک منعقد کی جائے گی جس کا مقصد بین الاقوامی سیاحتی رہنمائوں کو تاجکستان کی ثقافت اور سیاحت کی صلاحیتوں سے روشناس کرانا ہے۔ دوشنبے میں ایکسپو سینٹر عالمی سیاحت کی صنعت کے لئے ایک اہم تقریب کی میزبانی کرے گا ۔پہلی دوشنبہ بین الاقوامی سیاحتی نمائش(ڈی آئی ٹی ای) 2024 تاجکستان کی سیاحت کی صنعت کی ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع کھولے گی اور ملک کو خطے کے اہم سیاحتی مراکز میں سے ایک کے طور پر پیش کرے گی۔
یہ تقریب تاجکستان کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینے اور سیاحت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ایک کلیدی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ نمائش کا بنیادی مقصد تاجکستان کے مواقع اور مالا مال ثقافتی ورثے کو ایک پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنا ہے۔ ایکسپو کا مقصد ممالک اور سیاحت کی صنعت میں کام کرنے والی کمپنیوں کے درمیان نئے کاروباری تعلقات اور شراکت داری قائم کرنے کے لئے ماحول پیدا کرنا بھی ہے۔ ڈی آئی ٹی ای 2024 دیگر ممالک کے ساتھ سیاحتی تعلقات کو وسعت دینے، ملک کے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو تاجکستان کی طرف راغب کرنے پر مرکوز ہے۔
مزید برآں، اس ایونٹ کا ایک اہم پہلو علاقائی سیاحت کی ترقی کو فروغ دینا، ماحول دوست اور ثقافتی منازل کو اجاگر کرنا بھی ہے جو ملک کے قدرتی اور تاریخی ورثے کو دریافت کرنے کے منفرد مواقع پیش کرتے ہیں۔ نمائش میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سیاحتی صنعتوں کے نمائندوں، کامن ویلتھ آف انڈیپینڈنٹ سٹیٹس (سی آئی ایس ) رکن ممالک اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان ملاقاتیں ہوں گی، جس سے باہمی فائدہ مند تعاون اور پائیدار سیاحت کی ترقی پر تجربات کے تبادلے میں سہولت ملے گی۔ ڈی آئی ٹی ای 2024 نہ صرف شرکا کے لئے بلکہ پورے ملک کے لئے اہم فوائد کا وعدہ کرتی ہے۔
ایکسپو کی اہمیت یہ ہے کہ ایک بین الاقوامی فورم کی میزبانی تاجکستان کو ممکنہ سرمایہ کاروں کو اپنے سیاحتی وسائل اور بنیادی ڈھانچے کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کی اجازت دے گی۔ یہ غیر ملکی سرمائے کو راغب کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم تخلیق کرے گی ، جس کے نتیجے میں ہوٹل کے کاروبار ، نقل و حمل اور دیگر متعلقہ شعبوں کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ ازبکستان، پاکستان، ایران، قازقستان اور دیگر ممالک کے وفود کی شرکت سیاحت کی باہمی ترقی کے مقصد سے نئی شراکت داریوں اور منصوبوں کے قیام کے لئے منفرد مواقع فراہم کرے گی۔ ان روابط کی تعمیر سے سیاحت کے شعبے میں تاجکستان کی بین الاقوامی موجودگی میں اضافہ ہوگا۔
یہ نمائش تاجکستان میں مقامی سیاحت کی ترقی کے لئے بھی محرک کے طور پر کام کرے گی ، کیونکہ مقامی کمپنیاں اپنے سیاحتی روٹس اور مصنوعات کو پیش کرسکیں گی۔ اس سے ملک کے سیاحتی مواقع کے بارے میں شہریوں میں شعور اجاگر ہوگا اور انہیں تاجکستان کے اندر تلاش اور سفر کرنے کی ترغیب ملے گی۔ سیاحوں میں اضافے اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے سروس انڈسٹری، ہوٹل کے کاروبار، نقل و حمل اور ریٹیل میں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
نمائش کے ایک حصے کے طور پر ، گول میز ، کانفرنسیں اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے جہاں مختلف ممالک کے ماہرین پائیدار سیاحت کی ترقی ، سیاحت کی مصنوعات کی مارکیٹنگ اور سیاحت میں جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ پر علم ، بہترین طریقوں اور تجربات کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔