اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):چین کے دارالحکومت بیجنگ میں تین روزہ رنگا رنگ اور کامیاب سیاحتی نمائش چائنا آٹ بانڈ ٹریول اینڈ ٹورازم مارٹ (سی او ٹی ٹی ایم) اختتام پذیر ہو گئی۔
سیاحوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستان پویلین کا دورہ کیا جہاں پاکستان نے اپنے شاندار ثقافتی ورثے، متنوع سیاحتی مناظر اور مہمان نوازی کی اقدار کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ہفتہ کو یہاں جاری ایک نیوز ریلیز کے مطابق، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے آٹھ پرائیویٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ 15 سے 17 نومبر تک چینی دارالحکومت میں منعقد ہونے والی نمائش میں شرکت کی۔ چائنا آئوٹ بانڈ ٹریول اینڈ ٹورازم مارٹ میں شرکت سیاحت کو فروغ دینے اور اس کی معیشت کو متنوع بنانے کے لیے پاکستان کی وسیع حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔ یہ نمائش زیادہ سے زیادہ چینی سیاحوں کو راغب کرنے اور ایک پسندیدہ سفری مقام کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔
قبل ازیں سی او ٹی ٹی ایم نمائش میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح بدھ کو چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔ پی ٹی ڈی سی چین میں ہمارے پاکستانی سفارت خانے اور اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ کاروباری روابط قائم کرنے کے لیے موثر طریقے سے کام کر رہا ہے۔ گزشتہ سال کے دوران، ہم نے ان کے ساتھ کئی آن لائن میٹنگز اور ویبنارز کا اہتمام کیا اور اچھی خبر یہ ہے کہ اب چین نے چین سے پاکستان میں ان بائونڈ گروپ ٹورازم کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر مملکت برائے سیاحت و امور نوجوانان وصی شاہ کی قیادت میں پی ٹی ڈی سی نے سی او ٹی ٹی ایم بیجنگ میں شرکت کی۔ وزیر نے سی او ٹی ٹی ایم میں پاکستان کی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے سیاحت کے تبادلے میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی اور چینی ٹور آپریٹرز کے درمیان کاروباری شراکت داری کو آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کا کھلے دل سے استقبال کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
پی ٹی ڈی سی کے ایم ڈی آفتاب رانا نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے حکام نے آٹھ ٹور آپریٹر کمپنیوں کے وفد کے ساتھ سی او ٹی ٹی ایم میں شرکت کی جو دونوں ممالک کے ٹور آپریٹرز کے درمیانبزنس ٹو بزنس روابط استوار کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوں گے اور اس کے نتیجے میں سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اندرون ملک سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے لیے بہت اہم مارکیٹ ہے۔ پاکستان اور چین کی حکومتوں نے 2023 کو پاک چین سیاحت کے تبادلے کا سال قرار دیا ہے۔