23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومقومی خبریںتین روزہ چوتھی ایپسپ ریکٹرز کانفرنس کامسٹیک میں اختتام پذیر ہوگئی

تین روزہ چوتھی ایپسپ ریکٹرز کانفرنس کامسٹیک میں اختتام پذیر ہوگئی

- Advertisement -

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):چوتھی ریکٹرز کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کا انعقاد ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (اے پی ایس یو پی) نے سپیریئر یونیورسٹی، کامسٹیک، ایچ ای سی، پی ایچ ای سی، پریسٹن یونیورسٹی، فاسٹ یونیورسٹی، عبادت یونیورسٹی، اباسین یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سیالکوٹ، مائی یونیورسٹی اور آئی یو سی پی ایس ایس کے اشتراک سے کیا تھا۔ ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کانفرنس کے پس منظر اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کانفرنس کے موضوع کے متعلق بتایا۔ اس موقع پر اے پی ایس یو پی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے پاکستانی یونیورسٹیوں کے دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی یونیورسٹیوں کی قیادت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روایتی ذہنیت کو بدلیں، دنیا کے ساتھ نیٹ ورک بنائیں اور موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 70 فیصد وسائل او آئی سی ممالک میں ہیں لیکن ہم نیٹ ورکنگ کی کمی کی وجہ سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کی طرف سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صرف مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا کافی نہیں ہے۔

- Advertisement -

کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے علم، مہارت اور ہنر کو بانٹنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ پروگرام بنانے اور شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے او آئی سی ریاستوں کے تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں کو تعاون کے قریب لانے کے لیے کامسٹیک کے کردار پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر چوہدری نے ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کو اداروں کے درمیان نیٹ ورکنگ کے لیے کردار ادا کرنے پر سراہا۔

قازقستان کے سفیر یرژان کستافن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کی بنیادی توجہ تعلیم پر ہے۔ انہوں نے خواندگی کی سطح کو بڑھانے اور دنیا میں سلامتی کی صورتحال کے بارے میں آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ملک دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے لیے کھلا ہے۔ انہوں نے قازقستان کی یونیورسٹیوں کے درمیان او آئی سی ریاستوں کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کامسٹیک کی سرگرمیوں اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔اس 3 روزہ ریکٹرز کانفرنس میں تقریبا 150 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور قیادت نے شرکت کی۔ کامسٹیک کی سہولت کے تحت او آئی سی کے سات ممالک کے وفود نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415830

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں