تین روزہ گندھارا سمپوزیم 2023 منگل کو اسلام آباد میں شروع ہوگا

210
کلچرل ڈپلومیسی: پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھسٹ ہیریٹیج کی بحالی“کے موضوع پر تین روزہ گندھارا سمپوزیم اختتام پذیر

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):تین روزہ گندھارا سمپوزیم 2023  منگل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہوگا۔سمپوزیم کا عنوان "ثقافتی سفارتکاری :پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کی بحالی “ہے۔سمپوزیم کا انعقاد گندھارا سیاحت سے متعلق وزیر اعظم ٹاسک فورس ، انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی ومیوزیم حکومت خیبر پختونخوا نے کیا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کی جانب سے پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی سیشن سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے۔

وزیر مملکت اور گندھارا سیاحت سے متعلق وزیر اعظم ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔ اختتامی سیشن سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود خطاب کریں گے۔ ملائیشیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، نیپال، سری لنکا، چین اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے مقررین گندھارا سمپوزیم سے خطاب کریں گے۔

مذہبی رہنما، ماہرین آثار قدیمہ، کیوریٹر، ماہرین، مذہبی سکالرز اور ماہرین تعلیم گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے ورثے پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ سمپوزیم میں پاکستان کی سیاحتی صنعت کے نامور سٹیک ہولڈرز بھی شرکت کریں گے۔ گندھارا سمپوزیم کا ایک اہم مقصد گندھارا کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور اندرون و بیرون ملک پاکستان کے بھرپور اور متنوع ثقافتی ورثے کو فروغ دینا ہے۔

گندھارا سمپوزیم کا ایک اور اہم مقصد نئے اقدامات پر غور کرنا بھی ہوگا جو پاکستان کی ثقافتی سفارت کاری کی کوششوں کو تقویت اور سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔ پریس ریلیز کے مطابق آئی ایس ایس آئی کو گندھارا سمپوزیم 2023 کے انعقاد کے حوالے سے گندھارا سیاحت سے متعلق وزیر اعظم ٹاسک فورس ، ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم خیبر پختونخوا اور دیگر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے