اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے ملائیشیا اور انڈونیشیا کے حج ماڈل کی طرز پر تین سالہ حج پالیسی کے خدوخال کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت مجموعی طور پر تین سالوں کے لئے حج درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ نئی حج پالیسی کا اعلان رواں سال دسمبر میں ہونا متوقع ہے ۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے انڈونیشیا اور ملائیشیا کی طرز پر تین سالہ حج پالیسی کے خدوخال مرتب کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ اس حوالے سے ملک بھر میں مشاورتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ نئی حج پالیسی مجموعی طور پر تین سالوں کے لئے ہوگی۔ حج درخواستیں بھی تین سالوں کے لئے اکٹھی طلب کی جائیں گی۔ پہلے سال کامیاب ہونے والے پوری رقم ادا کریں گے۔ دوسرے اور تیسرے سالوں کے لئے کامیاب درخواست گذاروں سے حج کی رقم اقساط میں لی جائے گی۔ حج معاونین بھی ہر حج پرواز کے ساتھ بتدریج روانہ ہوں گے۔ 50 حاجیوں کے ساتھ ایک معاون حج روانہ کیا جائے گا۔