کراچی ۔12فروری (اے پی پی):جنوبی افریقا کی ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ٹرائی نیشن سریز کا اہم میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جارہا ہے جہاں جنوبی افریقا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں آج بدھ کی فاتح ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ سے فائنل میچ کھیلے گی۔
پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان،بابراعظم،سعود شکیل ، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر،خوشدل شاہ،شاہین آفریدی،محمد حسنین،نسیم شاہ او رابرار احمد ٹیم کا حصہ ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ نئی کنڈیشنز ہیں نیا دن ہے،ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے،سلمان آغا اچھی بولنگ کرتے ہیں،میرا نہیں خیال کےایکسٹرا سپنرکی سکواڈ میں ضرورت پڑے گی۔ جنوبی افریقا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹمبا باووما نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں، ٹونی ڈی زورزی،ہینرک کلاسن،کوبن بوش،کیشو مہاراج پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں،ٹیم میں کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو جبکہ حارث رؤف کی جگہ پر محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ٹمبا باووما اور ٹونی ڈی زورزی نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے بائولنگ اٹیک کیا۔