کرائسٹ چرچ۔8اکتوبر (اے پی پی):تین ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، گرین شرٹس نے 148 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بابر اعظم نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا،
ہفتہ کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، ڈیون کونوے 36، مارک چیپمین 32، کپتان کین ولیمسن 31 اور گلین فلپس 18 رنز بنا کر نمایاں رہے،
پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد نواز اور محمد وسیم نے دو، دو جبکہ شاہنواز دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 18.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا،
بابر اعظم نے 53 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے شامل تھے، یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی 28 ویں نصف سنچری ہے، شاداب خان 22 گیندوں پر 34 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے، محمد رضوان 4، شان مسعود صفر اور محمد نواز 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حیدر علی 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، نیوزی لینڈ کی طرف سے بلیئر ٹکنر نے دو جبکہ ٹم ساؤدی اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔