ثقافت اور مقامی اشیاء کو ترقی دی جائے تو چترالی عوام کو اس کا فائدہ پہنچ سکتا ہے،ڈپٹی اسپیکر

97

نمائندہ۔ 21 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریّا بی بی کی سربراہی میں صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں انجمن ترقی کھوار پشاور کے وفد کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چترالی کمیونٹی پشاور کے مختلف ادبی، ثقافتی اور فلاحی اداروں کے سربراہان، سابقہ ممبران صوبائی اسمبلی، علماء کرام،لائر فورم، جرنلزم کے نمائندے، سٹوڈنٹ فیڈریشن، انصاف کلچر اینڈ سپورٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریّا بی بی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چترال خطے اور ثقافت کے لحاظ سے بہت ہی بہترین خطہ ہے۔ اگر چترال میں ثقافت اور مقامی اشیاء کو ترقی دی جائے تو چترالی عوام کو اس کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد چترال سے منسوب پروگرامات کو روکنا نہیں بلکہ ایسے پروگرامات چترال کے اندر ہی منعقد کروائے جائیں تاکہ مقامی لوگ آسانی سے اپنے اس ثقافتی پروگرام میں شرکت کرسکیں اور اس سے نہ صرف مقامی اشیاء کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحتی اعتبار سے بھی چترال کو فائدہ پہنچے گا۔