جائیداد کی تقسیم سے متعلق خواتین کو ان کے حق سے محروم کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، خاتون محتسب پنجاب

85

ڈیرہ غازی خان۔ 17 جنوری (اے پی پی):خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے کہا ہے کہ فیملی اور جائیداد کی تقسیم سے متعلق خواتین کو ان کے حق سے محروم کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کے ذریعے خواتین کو ان کی جائیداد کا قبضہ دلایا جائے گا، حکم عدولی کی صورت میں توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل آفس ڈیرہ غازی خان میں کیسز کی سماعت کرتے ہوئے کیا۔خاتون صوبائی محتسب نے کیسز کی سماعت کرتے ہوئے خواتین کو جائیداد میں ان کا حق دلایا۔لاء آفیسر ابرار بزدار،پی ایس او حافظ فاروق انور،فوزیہ خان اور دیگر موجود تھے۔

خاتون صوبائی محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے کہا کہ ریجنل آفس میں 300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 80 فیصد درخواستیں فیملی کیسز اور جائیداد تقسیم سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو لاہور بلانے کی بجائے ان کے گھروں کے نزدیک پہنچ کر خواتین کو ان کا حق دلایا ہے۔خاتون صوبائی محتسب نے کہا کہ بہت جلد ضلعی سطح پر کیسز کی سماعت کی جائے گی۔ خاتون محتسب پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم مفت اور فوری انصاف کیلئے کام کررہے ہیں ، خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کام کیا جارہا ہے

خواتین کو تحفظ اور معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ نبیلہ حاکم علی خان نے کہا کہ جائے ملازمت پر خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے تحت کارروائی کی جاتی ہے ،خواتین کو فوری اور مفت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،کیسز کا 60 روز کے اندر فیصلہ کیا جاتا ہے۔