جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیکس محصولات میں 25.8 فیصد، نان ٹیکس محصولات میں 68 فیصد کا نمایاں اضافہ

17
Economic Survey

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):قومی اقتصادی سروے 2024-25ء کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیکس محصولات میں 25.8 فیصد اور نان ٹیکس محصولات میں 68 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیر کو جاری قومی اقتصادی سروے کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیکس محصولات کا حجم 9.14 ٹریلین روپے اور نان ٹیکس محصولات کا حجم 4.23 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 25.8 فیصد اور 68 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح جاری اخراجات میں مجموعی طور پر 18.3 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی۔ جاری اخراجات کا حجم 14.59 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال کی اسی مدت میں 12.3 ٹریلین روپے تھا۔ ترقیاتی اخراجات میں 32.6 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی۔

مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ترقیاتی اخراجات کا حجم 1.54 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا۔ جی ڈی پی کے تناسب سے مالی خسارہ کی شرح 2.6 فیصد رہی جبکہ مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے پرائمری فاضل 3 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ سروے کے مطابق جولائی سے مئی تک کی مدت میں ایف بی آر کے محاصل کا حجم 10.23 ٹریلین ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 8.12 ٹریلین کے مقابلہ میں 25.9 فیصد زیادہ ہے۔