جاز کیش اور میزان بینک کے درمیان ملک بھرمیں ترسیلات زر کی وصولی کوآسان بنانے کیلئے شراکت داری معاہد طے پا گیا

101
جاز کیش اور میزان بینک کے درمیان ملک بھرمیں ترسیلات زر کی وصولی کوآسان بنانے کیلئے شراکت داری معاہد طے پا گیا

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں فن ٹیک کی خدمات فراہم کرنے والے بڑے ادارے جاز کیش نے بیرون ملک سے ترسیلات زر کی وصولی کو آسان بنانے کیلئے میزان بینک کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔دونوں اداروں کے درمیان اشتراک سے دنیا بھر میں صارفین میزان بینک ریمیٹنس پارٹنرز کے ذریعے اپنی ترسیلات زر براہ راست جاز کیش والٹس میں بھیج سکتے ہیں۔

دستخط کی تقریب کراچی میں میزان بینک ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جس میں میزان بینک کے بانی صدر اور سی ای او عرفان صدیقی اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے معاہدہ پر دستخط کئے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ پاکستان میں ترسیلات زر کی آمد ایک لائف لائن ہے جو خاندانوں کو ایک دوسرے سے منسلک رکھتے ہوئے نہ صرف ان کے خوابوں کی تعبیر بلکہ قوم کی ترقی میں اہم کردار اداکرتی ہیں۔

ترسیلات زر کی وصولی کیلئے جاز کیش اور میزان بینک کے درمیان شراکت داری ڈیجیٹل اور مالی شمولیت کے ذریعے پاکستانیوں کی زندگیوں اور ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے ہمارے مقصد کا ثبوت ہے اور پاکستان کے سب سے بڑے آپریٹر کے طورپر معیشت کی ترقی کیلئے ترسیلات زر کی وصولی کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

میزان بینک کے بانی صدر اور سی ای او عرفان صدیقی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ میزان بینک پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگی کے منظرنامے کوفروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ اشتراک پاکستان میں جاز کیش کے لاکھوں صارفین کو بااختیار بنائے گا جس سے وہ بیرون ملک اپنے پیاروں کی طرف سے بھیجی گئی رقم باآسانی وصول کرسکیں گے۔اس اقدام سے ملک میں موبائل والٹ کے صارفین کو فائدہ پہنچے گا جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

جاز کیش کے ہیڈ مرتضیٰ علی نے اس موقع پر کہا کہ میزان بینک کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان اور پاکستان سے باہر صارفین کو ڈیجیٹل مالی خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنے کیلئے درست سمت میں ایک قدم ہے،ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ترسیلات زر کو مزید قابل رسائی بنائے گا بلکہ پاکستان کی مجموعی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔