جاز کیش رقوم کی محفوظ تقسیم کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا اہم شراکت داربن گیا

563
Jazz Cash funds

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):جاز کیش مستحق افراد میں رقوم تقسیم کرنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کا اہم شراکت دار بن گیا۔ بی آئی ایس پی پروگرام کا مقصد معاشی طورپر کمزور طبقات کو بااختیار بنانا اور خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے، اس شراکت داری کے تحت جاز کیش ملک بھرمیں اپنے ایجنٹس اور ریٹیلرز کے ذریعےبی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے 1.3ملین افراد کو رقوم فراہم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔

جاز کیش کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہاکہ بی آئی ایس پی کے اشتراک سے ہم پاکستانی خواتین کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے کام کررہے ہیں۔جاز کیش کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے ہم ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی فراہم کریں گے تاکہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کو خودمختار بنایا جاسکے،یہ اقدام ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت کے ذریعے خواتین کی زندگیوں اور معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے ہمارے مقصدکی عکاسی کرتا ہے۔دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاز کیش کے سربراہ مرتضی علی کا کہنا تھا کہ جازکیش اور بی آئی ایس پی ایک ایسا مشترکہ وژن رکھتے ہیں جہاں مالیاتی شمولیت خواتین کو در پیش روایتی مشکلات کو دور کرتے ہوئے تمام افراد کو مساوی مواقع کی فراہمی کے لئے کردار اداکرے،یہ شراکت داری افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے ہمارے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

بی آئی ایس پی پاکستان میں سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جو 90 لاکھ سے زائد خواتین کو مالی امداد فراہم کررہاہے ۔ان خواتین کو 3 سال تک 10,500 روپے فی سہ ماہی نقد بطورامدادی رقم فراہم کی جائے گی۔ 3 سالہ شراکت داری کے تحت جاز کیش بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے نقد رقم وصول کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی محمد امجد ثاقب نے پسماندہ افراد کی بہتری کے لئے اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور د یتے ہوئے کہاکہ ہمیں بطور پاکستانی شہری بلاامتیاہو کر اپنے فرائض ادا کرنے چاہئیں، اپنی خواتین کے لیے محبت اور احترام کے ذریعے ہم ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب نے بہترین انداز میں معاشرے کے سب سے کمزور افراد کی خدمت کے مشن میں شامل تمام فریقین کے عزم کو اجاگر کیا۔شراکت داری کے ذریعے جاز کیش پورے ملک بالخصوص سانگھڑ، نواب شاہ،میرپور خاص، تھرپارکر، مٹیاری، عمرکوٹ، سجوال، ٹنڈواللہ یار، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد سمیت سندھ کے اضلاع میں پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو رقوم کی بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ جاز کیش بلوچستان کے اضلاع کہران اور چاغی، پنجاب میں رحیم یار خان اور خیبرپختونخوا میں مالا کنڈ میں بھی رقوم تقسیم کرے گا۔

تقریب میں بی آئی ایس پی کے چیئرپرسن محمد امجد ثاقب، سیکرٹری بی آئی ایس پی، عامر علی احمد، جاز کیش کے سربراہ، مرتضیٰ علی، سی ای او موبی لنک مائیکرو فنانس بینک، غضنفر اعظم، چیف آپریٹنگ آفیسر ایم ایم بی ایل، حارث محمود چوہدری، ہیڈ آف پبلک سیکٹر پارٹنرشپ عارف محمود چوہدری، اور شراکت دار بینکوں کے سربراہان نے شرکت کی۔یہ تعاون مالیاتی شمولیت کے فروغ، خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے جاز کیش کے عزم کا مظہر ہے۔ ایجنٹس کے ایک مضبوط نیٹ ورک اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جاز کیش مالیاتی منظر نامے میں انقلاب برپا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔