اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر جاز نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں 25.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور 17.7 فیصد ترقی کے ساتھ مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری فور جی نیٹ ورک کی توسیع، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو فروغ دینے اور مالی شمولیت کے اقدامات پر مرکوز ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی سستی اور معیاری ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق جاز نے سال کی دوسری سہ ماہی میں 15.3 فیصد سالانہ ترقی کے ساتھ ایک اور مضبوط کارکردگی دکھائی۔
اس دوران کمپنی کی ڈیجیٹل آمدن میں 35.7 فیصد اضافہ ہوا جو اب کل آمدن کا 28.1 فیصد ہے جو گزشتہ سال اسی مدت میں 23.9 فیصد تھی۔ کمپنی کا EBITDA 5.4فیصد بڑھا جبکہ منافع کا تناسب 41.6 فیصد رہا۔ اس عرصے میں 16 ارب روپے کی سرمایہ کاری ڈیجیٹل ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔جاز کی ڈیجیٹل مالیاتی سروس جاز کیش کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے جس نے گزشتہ بارہ ماہ میں 11.7 کھرب روپے کے لین دین کو ممکن بنایا۔
اس نیٹ ورک میں 3 لاکھ 67 ہزار فعال مرچنٹس اور 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد فعال ایجنٹس شامل ہیں۔ روزانہ اوسطاً 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد ڈیجیٹل قرضے جاری کیے جا رہے ہیں۔جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ دوسری سہ ماہی کے نتائج نہ صرف ہماری مالی مضبوطی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ ہم پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے کتنے پرعزم ہیں۔ ہم نے فور جی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مالی شمولیت میں تیزی سے سرمایہ کاری کی ہے اور Deodar جیسے اقدامات کے ذریعے اپنے پورٹ فولیو کو بہتر بنایا ہے جو مستقبل کی ایک مربوط اور ترقی یافتہ معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔
رواں سہ ماہی میں جاز کے صارفین کی کل تعداد 7 کروڑ 39 لاکھ تک پہنچ گئی جن میں فور جی صارفین 5 کروڑ 46 لاکھ ہیں جو سالانہ 15.3 فیصد اضافہ ہے۔فور جی کی رسائی 73.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ VoLTE صارفین کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ جبکہ VoWiFi کے روزانہ فعال صارفین 52 لاکھ سے زائد ہو گئے ہیں۔جاز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بھی تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔تماشہ نے اس سہ ماہی میں 1 کروڑ 20 لاکھ ماہانہ صارفین حاصل کیے جبکہ اپریل میں کرکٹ ٹورنامنٹس کے دوران 1 کروڑ 70 لاکھ صارفین کا ریکارڈ بنا۔
SIMOSA کی ماہانہ صارفین کی تعداد 2 کروڑ 12 لاکھ رہی جبکہ فکر فری نے 98 لاکھ فعال انشورنس پالیسیوں اور 22 لاکھ ماہانہ صارفین کے ساتھ مضبوط کارکردگی دکھائی۔اپنی ایسٹ لائیٹ سٹریٹجی کے تحت جاز نے Deodar کے ذریعے اپنے ٹاورز کی منتقلی اینگرو کنیکٹ کو مکمل کی تاکہ آپریشنل کارکردگی بہتر ہو اور کمپنی ڈیجیٹل نظام کو مزید وسعت دے سکے۔
جاز اس وقت ایک مکمل ڈیجیٹل سروس کمپنی کے طور پر کام کر رہی ہے جو 10 کروڑ سے زائد صارفین کو فن ٹیک (جاز کیش)، تفریح (تماشہ)، ڈیجیٹل سیلف کیئر (SIMOSA)، انشورٹیک (فکر فری)، انٹرپرائز کلائوڈ (گرج) اور گیمنگ (GameNow) جیسے شعبوں میں سہولت دے رہی ہے۔ یہ تبدیلی صرف کنیکٹیویٹی نہیں بلکہ صلاحیت سازی پر مبنی ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستانیوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔