ہمبنٹوٹا۔16دسمبر (اے پی پی):جافنا سٹالینز لنکا پریمیئر لیگ 2020ءکی چیمپئن بن گئی‘ فاتح ٹیم نے فائنل میں گال گلیڈی ایٹرز کو 53 رنز سے شکست دی‘ جافنا سٹالینز نے مقررہ اوورز میں 188 رنز بنائے‘ گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹارگٹ کے تعاقب میں 135 رنز بنا ہی سکی‘ شعیب ملک کو فائنل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا‘ ہسارنگا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو مہندا راجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایل پی ایل کے فائنل میں جافنا سٹالینز کے کپتان تھیسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سٹالینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز کا اچھا ٹوٹل کرنے میں کامیاب رہی۔ شعیب ملک نے 35 بالوں پر 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ڈی سلوا نے 33 رنز اور کپتان تھیسارا پریرا نے 14 بالوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست دھواں دھار اننگز کھیلی۔ گال گلیڈی ایٹرز کے لکسان نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد عامر‘سنداکان اور اراچیگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جافنا سٹالینز کے 188 رنز کے جواب میں گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بنا سکی۔ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور ان کی وکٹیں متواتر گرتی رہیں۔ کپتان راجا پاکسے 40 رنز اور اعظم خان 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سٹالینز کی طرف سے شعیب ملک نے بلے بازی کے ساتھ ساتھ باولنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شعیب ملک اور عثمان شنواری نے 2 ‘ 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ ڈی سلوا ‘ لکمال‘ اولیور اور ہسارانگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح جافنا سٹالینز نے یہ میچ 53 رنز سے جیت کر ایل پی ایل کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ شعیب ملک کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جافنا سٹالینز کے ونیندو ہسارنگا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ ایمرجنگ کھلاڑی کا ایوارڈ لکسان کو دیا گیا۔