حیدرآباد۔ 07 فروری (اے پی پی):سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و نوجوانان امور کی جانب سے المنظر جامشورو کے قریب دریائے سندہ کے کنارے پر سہ روزہ سندھو دریاگیمز 2025 کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔ تقریبات کا افتتاح صوبائی وزیرکھیل و نوجوانان امور سرادر محمد بخش مہر نے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز عبدالعلیم لاشاری، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، ڈی جی ایگریکلچر منیر جمانی، سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھو دریا گیمز 2025 جامشورو کا مقصد ضلع بھر کے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سرگرمیاں فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیمز میں کشتی رانی، ملاکھڑا، والی بال، کبڈی، رسہ کشی، سوکر، ہارس رائڈنگ اور تھرو بال سمیت 12 گیمز کا انعقاد کیا گیا ہے جن کے مقابلے آئندہ تین دن تک جاری رہیں گے۔ ان گیمز میں ضلع بھر سے 400 سے زائد نوجوان اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ اس ایونٹ کے ذریعے جامشورو اور سندھ کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانا چاہتی ہے اور اس ایونٹ کے ذریعے نوجوانوں کو کھیلوں کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامشورو میں آئندہ سال اس سے بڑا ایونٹ منعقد کریں گے اور کوشش کریں گے کہ سندہ کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کر کے وہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں
کیونکہ کھیل ہی نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشونما کا واحد ذریعہ ہیں، بعد میں انہوں نے سرکاری طور پر سہ روزہ کھیلوں کے مقابلے شروع کرنے کی اجازت دی۔ صوبائی وزیر نے گھوڑوں کی روایتی دوڑ اور کشتی رانی کا مقابلہ بھی دیکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری عبدالعلیم لاشاری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ایونٹ کے اغراض و مقاصد سمیت ضلعی سپورٹس آفیسر جامشورو کوثر تحسین چنہ کی جانب بہترین ایونٹ منعقد کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔