جامعات معیاری اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں پر توجہ دیں، ،صدر مملکت

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جامعات معیاری اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں پر توجہ دیں، تعلیم یافتہ نوجوان ملکی معیشت اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، جامعات مارکیٹ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کورسز یا ڈپلومہ کورسز شروع کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ جامعات معیاری اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں پر توجہ دیں، جدید ترین علم کی فراہمی ، طلباء کی فکری نشوونما کے لئے قابل، پرعزم اور پیشہ ور اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے جامعات ہائبرڈ اور آن لائن تدریسی طریقہ کار اپنائیں ، تعلیمی شعبے کے تمام متعلقہ فریق اپنی فکری صلاحیتوں کو مزید نکھاریں ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم سماجی و اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، نوجوان خواتین اور مرد وں کی تعلیم و تربیت سے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنایا جاسکے گا، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کر کے ملک میں رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے، تعلیم یافتہ نوجوان ملکی معیشت اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ جامعات مارکیٹ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کورسز یا ڈپلومہ کورسز شروع کریں۔ صدر مملکت نے بین الاقوامی زبانیں سیکھنے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے ادب، سائنس اور دیگر شعبوں میں موجود علم سے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔

ریکٹر نمل یونیورسٹی میجر جنرل (ر) محمد جعفر نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کی جانب سے شروع کئے گئے تعلیمی پروگرام اور مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نمل یونیورسٹی میں 21 قومی و بین الاقوامی زبانیں پڑھائی جا رہی ہیں، یونیورسٹی میں طالب علموں کی تعداد 22 ہزار 818 ، ایلومینائی 77 ہزار 176 ، فیکلٹی ممبران 1384 اور انتظامی عملہ کی تعداد 915 ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے 9 علاقائی کیمپس کوئٹہ، راولپنڈی، کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان ،فیصل آباد ، پشاور گوادر میں ہیں جبکہ ارومچی (چین) میں بھی بین الاقوامی کیمپس ہے۔

انہوں نے ریگولیٹر پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مارکیٹ کی ضروریات کے تناظر میں طالب علموں کی تعداد میں اضافہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے ملک میں تعلیم بالخصوص بین الاقوامی زبانوں کو سیکھنے کے فروغ میں نمل یونیورسٹی کے کردار کوسراہا۔