اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا کا مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر صلاحیتوں سے وابستہ ہے، جامعات ملک کا سائبر دفاع مضبوط بنانے کیلئے سائبر سیکورٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں، ملک میں آئی ٹی طلباءکی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی بریفنگ کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور مارکیٹ کی ضروریات پورا کرنے کیلئے یونیورسٹی گریجویٹس کی تعداد بڑھانا ہوگی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جامعات آن لائن تعلیمی مواد کے حجم میں اضافہ اور تحقیقی منصوبوں میں بین الاقوامی جامعات کے ساتھ شراکت داری قائم کریں۔
پرو ریکٹر نسٹ ایئر وائس مارشل ڈاکٹر رضوان ریاض نے صدر مملکت کو یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نسٹ کے 8 کیمپسز میں 18 ہزار سے زائد طلباءزیر ِتعلیم ہیں۔ نسٹ انجینئرنگ ، آئی ٹی، بائیو اور سوشل سائنسز میں تعلیم مہیا کررہی ہے۔ صدر مملکت نے معیاری تعلیم کی فراہمی میں یونیورسٹی انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔