لاہور۔8مارچ (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ جامعات میں ایسے موضوعات پر تحقیقی کام کو فروغ دینے کی ضرورت ہےجن سے معاشرے کو فائدہ پہنچ سکے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کے زیر اہتمام رحمتہ للعالمین: اداراتی تشکیل اور قومی تقاضے پر سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرمین نیشنل رحمت للعالمین اتھارٹی خورشید احمد ندیم،چیئرمین فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیویلپمنٹ اسمبلی طحہ قریشی، ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد حماد لکھوی، فیکلٹی ممبران اور ریسرچ سکالرز نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ نبی کریمؐ نے اپنے عمل کے ذریعے معاشرے کو بدلا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی ذات سے بالا تر ہوکر ملک و قوم کی بہتری کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے وسائل درست استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہو جاتے ہیں۔ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہمیں نبی کریمؓ کی سیرت کے ہر پہلو پر مزید تحقیق کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف دو جامعات دینی علوم کی عالمی رینکنگ میں شامل ہیں جن میں ایک پنجاب یونیورسٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ علوم اسلامیہ نے نامور محققین و استاد پیدا کئے ہیں جو دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی علوم میں جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لئے ایک سنٹر آف ایکسی لینس وقت کی اہم ضرورت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے شعبہ علوم اسلامیہ میں جاری تعلیمی و تحقیقی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لائبریری میں 33ہزار کتابیں ہیں اور بیشتر سیرت النبیؐ پر ہیں۔ طحہ قریشی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کئی نادیدہ قوتیں کام کررہی ہیں جن سے مقابلہ کرنے کے لئے سیر ت النبیؐ کی روشنی میں سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔