جامعات میں ہونیوالی تحقیق کو ملکی مجموعی مفادات سے ہم آہنگ کرنیکی کوشش کی جائے گی،صدرفیصل آباد چیمبر

110
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔ 08 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی و اقتصادی صورتحال کو مستحکم بنانے کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کے ذریعے جامعات میں ہونے والی تحقیق کو ملک کے مجموعی مفادات سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ کاروباری ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے خوشحالی کی راہیں استوار کی جاسکیں۔وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا مطالعاتی دورہ کرنیوالے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ مطالعہ پاکستان کے پی ایچ ڈی اور ایم فل کے طلبہ سے خطاب کررہے تھے جنہوں نے پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر مشتاق کی قیادت میں چیمبر کاد ورہ کیا جبکہ اس موقع پرجی سی یونیورسٹی کے دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

طلبانے ایوان صنعت وتجارت کے کام کرنے کے طریقہ کار اور اس کی کاروباری، صنعتی، تجارتی خدمات سمیت شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات بارے بھی آگاہی حاصل کی۔ تقریب سے ڈاکٹر حبیب اسلم گابا اور وحید خالق رامے نے بھی خطاب کیا جبکہ آخر میں صدرچیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے عبدالقادر مشتاق کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی اور جامعہ کے سکالرز کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوایا۔