لاہور۔22جولائی (اے پی پی):جامعہ اشرفیہ لاہور میں اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے مرد و خواتین حجاج کرام کے اعزاز میں پیر کے روز یہاں حج کے بعد زندگی کیسے گزاریں کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اللہ تعالی نے حج کی سعادت کے حاصل کرنے والے خوش قسمت لوگوں سے معافی اور بخشش کا وعدہ فرمایا ہے ۔اب آپ نے اپنی باقی زندگی کو دین اور شریعت کے مطابق نیکی اور تقوی کیساتھ گذارنا ہے۔
تقریب سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاذ الحدیث و ناظم تعلیمات پروفیسر مولانا محمد یوسف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج مقبول کی صورت میں اللہ تعالی کی طرف سے گناہوں سے معافی اور بخشش تو ہوجاتی ہے لیکن حقوق العباد کی ادائیگی اور معاملات کی درستگی ضروری ہے اس کے لئے علمائے کرام سے راہنمائی لیتے رہیں اور جن لوگوں کا حق دینا ہے ان کو حق دیں یا ان سے معاف کرا لیں اور آئندہ اپنی زندگی میں پورے دین پر عمل پیرا ہونا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے اعمال و معاملات اور اخلاق کو درست رکھیں اور پانچ وقت نمازپابندی سے ادائیگی کا اہتمام کریں ،اپنی زندگی میں حسن معاشرت اور حسن اخلاق کو لائیں، دین اسلام پر چلنے سے انسان کی اپنی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں