بہاولپور۔ 09 جنوری (اے پی پی):پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ جامعہ تدریس و تحقیق کے ساتھ ساتھ مقامی سماجی و معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تاریخی جامعہ ہونے کے ناطے مقامی تہذیب و تمدن، روایات، ثقافت اور ادب کی ترویج کے لیے بھی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور منفرد مقام رکھتی ہے۔
وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ممتاز سماجی و ادبی شخصیت سید تابش الوری سے اپنے دفتر میں ایک ملاقات کے موقع پر کیا۔ وائس چانسلر نے سید تابش الوری کی علم دوستی اور جامعہ اسلامیہ سے دیرینہ تعلق اور لگاؤ کو سراہا۔ سید تابش الوری نے کہا کہ وائس چانسلر نے جامعہ کو بہت مشکل حالات میں سنبھالا۔ خصوصا مالی مشکالات میں تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کا تسلسل اور ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ بہت خوش آئند ہے۔ اس موقع پر سید تابش الوری نے وائس چانسلر کو اپنی تصنیف بنام ’’سرکار دوعالم ﷺ‘‘کا نسخہ پیش کیا۔